فعلیت پذیری
فعلیت پذیری (انگریزی: Actualization) ایک نفسیاتی عمل ہے جس میں انسان اپنی اندرونی صلاحیت کو عملی صورت دینے، اہداف حاصل کرنے اور اپنی خواہشات اور امنگوں کو پورا کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ یہ اصطلاح اکثر امریکی ماہر نفسیات ابراہم ماسلو کے پیش کردہ تصور خود فعلیت پذیری سے منسلک کی جاتی ہے، جو ان کے ضروریات کے درجہ بندی کے نظریے کا حصہ ہے۔
ماسلو کے مطابق، خود فعلیت پذیری انسانی ضروریات کی درجہ بندی میں سب سے اوپر ہے اور اپنی صلاحیتوں اور قابلیتوں کو مکمل طور پر بروئے کار لانے کی خواہش کی نمائندگی کرتی ہے۔ یہ ایسا عمل ہے جس میں فرد زیادہ مربوط اور مکمل شخصیت بنتا جاتا ہے اور اپنی بہترین خوبیوں اور صلاحیتوں کا اظہار کرنے کے ساتھ انہیں فروغ بھی دیتا ہے۔
فعلیت پذیری میں تخلیقی صلاحیتوں کی نشوونما، زندگی کے مقاصد کی تلاش اور ان کا حصول، ذاتی نشوونما کی خواہش اور خود شناسی شامل ہو سکتی ہیں۔ یہ عمل معیار زندگی بہتر بنانے اور اطمینان اور خوشی حاصل کرنے سے بھی وابستہ ہے۔